ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈینگی بخار پر قابو پانے کے لئے سماج کا تعاون بہت ضروری: ڈی ایچ او ڈاکٹر اشوک کمار

ڈینگی بخار پر قابو پانے کے لئے سماج کا تعاون بہت ضروری: ڈی ایچ او ڈاکٹر اشوک کمار

Wed, 23 May 2018 12:53:06    S.O. News Service

کاروار 23؍مئی (ایس اونیوز)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر جی این اشوک کمار نے کہا ہے کہ ڈینگی بخار پر قابو پانے کے لئے سماج کی طرف سے تعاون اور اشتراک بے حد ضروری ہوتا ہے۔

اپنے دفتر میں بلائی گئی پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ ڈینگی سمیت مختلف وبائی امراض پر قابو پانے کے لئے ہر سال مسلسل بیداری مہمات چلائی جاتی ہیں۔لیکن سماج کا بھر پور تعاون ملنے پر ہی ڈینگی جیسے خطرناک وبائی مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کے رضاکار اور ’آشا‘ رضاکار ہر پندرہ دن میں ایک بار گھر گھر جاکر وبائی امراض کی علامات اور ان پر قابو پانے کے لئے مختلف تدابیر کا خلاصہ بیان کرتے ہیں۔اس مسلسل جد وجہد کی وجہ سے ضلع میں ڈینگی بخار کنٹرول میں آگیا ہے۔

انہوں نے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 346مشتبہ معاملات سامنے آئے تھے جن میں سے 108معاملات میں ڈینگی کی علامات ثابت ہوئیں۔امسال جنوری سے اب تک 59مشتبہ معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 10معاملات میں ڈینگی کی علامات ثابت ہوئی ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔چونکہ یہ مرض مچھروں سے پھیلتا ہے اس لئے مچھروں کی نشو ونما کو قابو میں کرنا ہی اس کا بہترین حل ہے۔گھروں کے آس پاس اور عوامی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مچھروں کی افزائش کاموقع نہیں دینا چاہیے۔ اس کے لئے بلدیاتی اور سماجی اداروں کو متحرک ہونا چاہیے۔


Share: